لیاقت آباد، سپر مارکیٹ، ٹھیلہ منڈیاں عوام کا درد سر، پولیس سرپرست
تین ہٹی سے 10 نمبر تک ٹھیلوں پتھاروں اور تجاوزات کی بھرمار سے ٹریفک جام معمول، شہری اذیت میں مبتلاء
سڑک کے دونوں اطراف قائم 2 ہزار سے زائد رکاوٹوں سے 150 سے دو سو روپے یومیہ وصولی کی اطلاعات
ریکارڈ کیپر رمضان اور بیٹر شاہ جی رقم جمع کرتے ہیں، چنگچی رکشوں سے 100 سے ڈیڑھ سو اینٹھ لیئے جاتے ہیں
کراچی(رپورٹ/خالد سلمان) مویشی منڈی اور فروٹ منڈی کے بعد پیش خدمت ہے ٹھیلا منڈی، لیاقت آباد اور سپر مارکیٹ کے علاقوں میں پولیس کی مبینہ سرپرستی میں ٹھیلے پتھارے والوں کا راج، ٹریفک پولیس کے ریکارڈ کیپر رمضان اور پرائیویٹ بیٹر شاہ جی نامی شخص غیر قانونی ٹھیلے پتھاروں سے یومیہ ہزاروں روپے بیٹ وصول کرتے ہیں، غیر قانونی ٹھیلے پتھاروں کے باعث تین ہٹی پل سے لیکر دس نمبر اور دس نمبر سے لیکر تین ہٹی پل تک بدترین ٹریفک جام معمول ہے۔تفصیلات کے مطابق لیاقت آباد اور سپرمارکیٹ کے علاقوں میں پولیس کی مبینہ سرپرستی میں درجنوں غیر قانونی ٹھیلے پتھارے قائم ہوگئے، ذرائع کے مطابق ان غیر قانونی ٹھیلے پتھاروں سے ٹریفک پولیس لیاقت آباد کا ریکارڈ کیپر رمضان اور پرائیوٹ بیٹر شاہ جی نامی شخص فی ٹھیلا 150 سے 200 روپے وصول کرتے ہیں، ذرائع کے مطابق دونوں تھانوں کی حدود میں کم و بیش ڈیڑھ ہزار سے زائد غیر قانونی ٹھیلے پتھارے قائم ہیں جو دس نمبر سے تین ہٹی پل اور تین ہٹی پل سے دس نمبر تک بدترین ٹریفک جام کا باعث بن رہے ہیں، رات گئے تک ان غیر قانونی ٹھیلے پتھاروں کے باعث ٹریفک کی روانی شدید متاثر رہتی ہے، روزنامہ اتفاق نیوز کو حاصل ہونے والی معلومات کے مطابق ان غیر قانونی ٹھیلے پتھاروں سے یومیہ ایک لاکھ روپے سے زائد کی بیٹ جمع ہوتی ہے جس میں سے ایس ایچ اوز لیاقت آباد اور سپر مارکیٹ جبکہ دونوں تھانوں کے ہیڈ محررز میں تقسیم کی جاتی ہے، اور یہ بیٹ شاہ جی نامی پرائیویٹ بیٹر وصول کرتا ہے، حاصل ہونے والی معلومات کے مطابق ٹریفک پولیس لیاقت آباد کے ریکارڈ کیپر رمضان نے ان غیر قانونی ٹھیلے پتھاروں سے بیٹ اکھٹی کرنے کے لئے بھی پرائیوٹ افراد رکھے ہوئے ہیں جو تین ہٹی سے دس نمبر اور دس نمبر سے تین ہٹی تک غیر قانونی ٹھیلے پتھاروں سے بیٹ وصول کرتے ہیں، ذرائع کا کہنا ہے کہ ٹریفک پولیس کا ریکارڈ کیپر رمضان یومیہ حاصل ہونے والی بیٹ میں سے 14 سے 15 ہزار روپے ایس اوز ودیگر افسران کو ہفتہ واری پہنچاتا ہے، ذرائع کے مطابق ریکارڈ کیپر رمضان نے چنگچی رکشوں کے اسٹینڈ بھی آباد کروارکھے ہیں جہاں سے یومیہ فی چنگچی رکشہ 100 سے 150 روپے وصولی کی جاتی ہے۔